لاہور، 4 مارچ (کسان نیوز): محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے امسال 5 ایکڑ یا اس سے زائد رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کسانوں کو 25 ہزار روپے مالی اعانت بذریعہ کسان کارڈ فراہم کی جائے گی۔ کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ تک کپاس کی اگیتی کاشت مکمل کرلیں۔
موزوں علاقے اور اقسام
ترجمان کے مطابق کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اضلاع زیادہ موزوں ہیں۔
اگیتی کاشت کے لیے درج ذیل ٹرپل جین اقسام تجویز کی گئی ہیں:
- سی کے سی 01
- سی کے سی 03
- حتف 3
کاشت کے لیے بہترین طریقہ کار
- قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ رکھا جائے۔
- پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5 تا 2 فٹ ہو۔
- 75% یا اس سے زیادہ اگاؤ والا 4 تا 5 کلوگرام بیج استعمال کریں۔
- 60% اگاؤ والا 5 تا 6 کلوگرام براترا ہوا بیج استعمال کریں۔
اگیتی کاشت کے فوائد
محکمہ زراعت کے مطابق اگیتی کاشت سے 50 سے 60 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس لیے کاشتکار کنیولہ، آلو، مٹر اور کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والے رقبوں پر کپاس کی اگیتی کاشت کو ترجیح دے کر بھرپور منافع کما سکتے ہیں۔