صادق آباد: اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع صادق آباد، سعید احمد سولنگی کی زیر صدارت تحصیل صادق آباد کے سیڈ اور پیسٹیسائیڈ ڈیلرز کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں اگیتی کپاس کی کاشت کو فروغ دینے اور ٹرپل جین ورائٹیز کے بیج کے انتخاب پر زور دیا گیا۔
سعید احمد سولنگی نے ڈیلرز سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو اگیتی کاشت کے حوالے سے جدید اور موثر ٹرپل جین ورائٹی کے بیج فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ، کسانوں سے حاصل شدہ بیج کی تفصیلات کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی قلت اور خشک سالی کے خدشات کے پیش نظر 20 مئی سے قبل دھان کی پنیری اور فصل کاشت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کسی نے مقررہ تاریخ سے پہلے کاشت کی تو اس کی فصل تلف کر دی جائے گی۔ زمینداروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کی سفارشات پر سختی سے عمل کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ، مظہر سلیم نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیسٹیسائیڈ ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو بیج کو زہر لگا کر کاشت کرنے کا مشورہ دیں اور اپنے اسٹاک کا درست ریکارڈ رکھیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اگیتی کپاس کی خصوصی مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
جنرل سیکرٹری پیسٹیسائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن، محمد فاروق نے حکومت کی اس مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈیلرز اس مہم میں شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
اس موقع پر سینیئر زراعت افسر تحصیل صادق آباد، اصف امین نے شرکاء کو اگیتی کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔